اسلامی تحریکیںہفتہ کی اہم خبریں

امام مہدی (عج) کا ظہور عدل و انصاف کا ظہور ہوگا، مقررین

شیعہ نیوز: اہل بیت کونسل انڈیا کے زیر اہتمام مولانا غلام عسکری ہال بارہ بنکی میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مولانا محمد جابر جوراسی نے کہا کہ ظہور امام (عج) میں تاخیر کی ایک وجہ ہماری آمادگی اور ان سے روبرو ہونے میں ہماری تیاری میں کمی ہے۔ مولانا سید محمد عسکری نے کہا کہ امام مہدی (عج) کا جب ظہور ہوگا دنیا ظلم و جبر اور کثرت گناہ سے بھری ہوگی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ظہور سے پہلے ان بدکاریوں اور گناہوں کو روکنے کی کوشش نہ کی جائے کیونکہ یہ ایک انحرافی سوچ ہے۔

مولانا محمد علی محسن تقوی نے کہا انتظار کا مطلب ہاتھ پہ ہاتھ رکھ کے بیٹھ جانا نہیں ہے بلکہ برائیوں کے خلاف اپنی بساط بھر انتھک کوششوں کو جاری رکھنا ہے۔ مولانا رضا حیدر زیدی نے اس موقع پر وجود امام مہدی (عج) کے فوائد بیان کرتے ہوئے کہا کہ غیبت میں ہونے کے باوجود امام کے فیض کرم کی بارشیں ہم پر ہورہی ہیں اگر ہم خود کو پاکیزہ بنائیں تو مزید برکات حاصل کر سکتے ہیں۔ مولانا محمد محسن وثیقہ عربی کالج فیض آباد نے امام کے انتظار کو تاریک رات میں صبح نور کے انتظار سے تعبیر کرتے ہوئے امید ظہور کو سب سے بڑا سرمایہ قرار دیا۔ مولانا ضمیر حیدر نے امام مہدی (عج) کی عالمی حکومت کے امتیازات پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے ان کے دور حکومت کو بشریت کے عروج کا دور قرار دیا۔

مولانا جنان اصغر مولائی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ظہور کے لئے معاشرے کے اندر بیقراری نہ ہونے کا سبب امام مہدی (عج) کے وجود کی اہمیت سے ناواقفیت اور انکی عظیم عالمی حکومت کے امتیازات سے نا آشنائی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کانفرنس اسی مقصد کے لئے منعقد کیا جانا ضروری ہے۔ آخر میں اہل بیت کونسل کے صدر مولانا سید محمد رضا غروی نے علماء کرام اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کا آغاز مولانا ہلال عباس نے تلاوت قرآن سے کیا۔ کانفرنس میں مولانا صابر علی عمرانی، مولانا مرزا اظہر سانکھنوی، مولانا مصور زید پوری نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اہل بیت کونسل کے سکریٹری مولانا جلال حیدر نقوی اور مولانا سید محمد ابن عباس کے علاوہ کثیر تعداد میں علمائے کرام و مؤمنین نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button