آزادیٔ قدس کے بارے سید مقاومت کی پیشینگوئی کا پہلا حصہ مکمل!
شیعہ نیوز:لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے امریکہ کے ہاتھوں جنرل قاسم سلیمانی کی ٹارگٹ کلنگ پر پیشینگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ دوسرے صدارتی دور میں حکومت سے ہاتھ دھو بیٹھے گا اور یہ خطہ امریکیوں کے وجود سے پاک ہو جائے گا جس کا پہلا حصہ امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست سے مکمل ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سید مقاومت نے جاری سال کی ابتداء میں امریکی ہوائی حملے کے اندر ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور رفقاء کے ہمراہ ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے ردعمل میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ اور اس کی حکومت جان چکی ہے کہ نہ صرف یہ خطہ بلکہ اگلے (امریکی صدارتی) انتخابات بھی ان کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں۔
سربراہ حزب اللہ لبنان نے تاکید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ ہدف حاصل ہو گیا جو ان شاء اللہ ضرور حاصل ہو گا؛ تو قدس کی آزادی بھی پتھر پھینکنے کے برابر فاصلے پر باقی رہ جائے گی۔ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے خطے سے امریکی انخلاء پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب امریکہ ہمارے خطے سے نکل جائے گا تو یہ صیہونی بھی اپنا بوریا بستر سمیٹ کر اس کے پیچھے خطے سے نکل جائیں گے اور یوں ممکن ہے کہ ہمیں اسرائیل کے ساتھ جنگ لڑنے کی ضرورت بھی پیش نہ آئے!!