اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

حکومتِ پاکستان نے مظلوم فلسطینیوں کیلئے کوئی سفارتی اقدامات نہیں کئے، جماعت اسلامی

شیعہ نیوز: ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر بین الاقوامی دورہ کرکے اسرائیل کی غزہ پر بمباری و درندگی کی صورتحال کو اٹھا کر عالمی ضمیر کو جگائیں، غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور دہشتگردی پر دنیا تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے، فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی کردار نے مغرب کے دہرے معیار کو بے نقاب کر دیا ہے، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، اقوام عالم نوٹس لے اور اسرائیل پر پابندیاں لگائی جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہاشگاہ پر ملاقات و عیادت کیلئے آنے والے وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ امت کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، عملی طور پر لگ رہا ہے کہ فلسطین آزاد اور باقی 57 مسلمان ملک قید ہیں۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ امریکا کے صدر سمیت مغربی ممالک کی حکومتی سربراہان نے اسرائیل کی بمباری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کوئی بیان دیا اور نہ ہی اس دہشتگردی کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند کو چھوڑ کر مسلم حکمرانوں نے بھی مغرب کی تقلید کرتے ہوئے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے اور اسرائیل کی درندگی کو روکنے کیلئے بھی حکومتی سطح پر کوئی سرگرمی دکھائی نہیں دے رہی ہے، لیکن فلسطین کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جو بے سر و سامانی میں اتنے بڑے ظلم کے باوجود اسرائیل کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مائیں، بہنیں اور بچے بے دردی سے شہید کر دیئے گئے اور شہری علاقوں میں ان کیلئے زمین تنگ کر دی گئی ہے، حکومتِ پاکستان نے حکومتی سطح پر کوئی سفارتی اقدامات نہیں کئے، جس پر ملک کا ہر شہری اس کی مذمت کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button