پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

حکومت نے آئین پاکستان کو پامال کرتے ہوئے الیکشن سے فرار اختیار کیا، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوں نے کہا ہے کہ اس وقت وطن عزیز پاکستان اپنی 75 سالہ تاریخ کے اہم مرحلے سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کے عوام خصوصاً نوجوان نسل میں ان کرپٹ عناصر کے خلاف شدید غم و غصہ ہے جو موجودہ ابتر صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ یہ بات مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی اور رکن شوری عالی ایم ڈبلیو ایم پاکستان و سابقہ صوبائی وزیر قانون آغا سید محمد رضا نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر صوبائی نائب صدر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ سٹی ارباب لیاقت علی ہزارہ، ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع ہزارہ ٹاؤن سید ابراہیم شاہ اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم بلوچستان ذاکر حسین درانی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل نے دہشت گردی، کرپشن، خاندانی جمہوریت، مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت سے تنگ آکر ایک حسین پرامن ترقی یافتہ پاکستان کا خواب دیکھا ہے۔ جہاں آئین اور قانون کی حاکمیت ہو، جہاں خاندانی جمہوریت اور غلامی کی بجائے حقیقی جمہوریت ہو اور ہم ایک آزاد قوم کی حیثیت سے ملک و قوم کے مفاد میں آزادانہ فیصلے کریں۔ جہاں امریکہ اور عالمی استکباری قوتوں کی مداخلت نا ہو۔ انکا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ جس کا عملی مظاہرہ ہم کئی دہائیوں سے کرتے آرہے ہیں۔ ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ بیرونی سامراجی ممالک کی مداخلت کے نتیجے میں جو رجیم بر سر اقتدار لائی گئی اس نے آئین پاکستان کو پامال کرتے ہوئے الیکشن سے راہ فرار اختیار کیا۔ نوے دن میں انتخابات آئین کا تقاضا ہے۔ جسے مختلف بہانے بنا کر مسلسل نظرانداز کیا گیا۔

صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اب نگران حکومتوں کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ جس کے باعث وہ غیر آئینی اور غیر قانونی حکومتیں ہوں گی۔ اس لئے ملک میں نیا بحران جنم لے گا۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل عام انتخابات ہیں۔ ایسے آزادانہ شفاف انتخابات جس میں پاکستان کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں، مگر ووٹ کو عزت دو کے دعویدار عوام اور عوام کے ووٹ سے شدید خوفزدہ نظر آتے ہیں۔ پاکستان کے موجودہ بحران کا واحد حل جلد الیکشن اور آئین اور قانون کے احترام میں ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی بحران کے بعد آئین شکن امپورٹڈ نا اہل حکومت کی پالیسیوں کے باعث معاشی بحران انتہائی سنگین ہو چکا ہے۔ الیکشن کے ذریعے عوام کے منتخب نمائندوں کے برسر اقتدار آنے سے ملکی معاشی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے سپریم کورٹ کی حمایت کر رہی ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کو دھمکیاں دینے والے آئین شکن افراد اور جماعتوں کے رویئے سے ملکی حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ ہم قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کے حکم پر آج پورے ملک میں آئین پاکستان اور عدلیہ کی حمایت میں پرامن احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنے ملک گیر پرامن احتجاج اور ملک گیر دھرنوں اور لانگ مارچ میں اعلیٰ مثال قائم کی۔ ملک گیر احتجاج میں ہم نے ایک درخت پتہ تک نہیں توڑا۔ ہم نے اپنے سینکڑوں مظلوم شہیدوں کے جنازے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں اٹھا کر حب الوطنی اور پر امن جدوجہد کا درس دیا۔ ہم ریاستی اداروں کی توہین اور پرتشدد کارروائیوں کو غیر مہذب عمل سمجھتے ہیں۔ ہم ان پرتشدد واقعات کے ذمہ داران کے تعین کے لئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

سپریم کورٹ کی زیرِ نگرانی غیرجانبدارانہ انکوائری کے ذریعے قوم کو یہ بتایا جائے کہ قومی املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے اصل ذمہ دار کون ہیں؟ اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ مگر امپورٹڈ حکومت کے سیاسی انتقام اور سپریم کورٹ کے خلاف مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بڑی اور مقبول عوامی لیڈر عمران خان کو جس طرح گریبان سے پکڑ کر گرفتار کیا گیا اور پھر ملک بھر میں پرامن احتجاج کرنے والے سیاسی رہنماؤں اور خواتین کو جھوٹے مقدمات اور ایم پی او کے تحت بلا جواز گرفتار کیا گیا۔ شیرین مزاری، یاسمین راشد سمیت درجنوں خواتین، شاہ محمود قریشی، علی زیدی و دیگر سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہیں۔ ہم کوئٹہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں گرفتار سیاسی کارکنوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button