
عالمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رواں ہفتے ایران کا دورہ کریں گے
شیعہ نیوز: بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رفائل گروسی رواں ہفتے تہران کا دورہ کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رفائل گروسی رواں ہفتے ایران کے دارالحکومت تہران کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق گروسی کا یہ دورہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے سے قبل متوقع ہے، جس میں ایران کی ایٹمی تنصیبات پر آئی اے ای اے کی نگرانی اور توثیق کی سرگرمیوں پر بات چیت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، صدر ٹرمپ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے 7 اپریل کو تصدیق کی تھی کہ رفائل گروسی ایران کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ باہمی مشاورت و مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جاسکے۔
ترجمان نے زور دیا کہ یہ ملاقاتیں ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تکنیکی تعاون کا حصہ ہیں۔ ایران عالمی ایجنسی سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنے قانونی فرائض کو پورا کرے، خاص طور پر ان حالات میں جب امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ قرارداد 533 اور دیگر بین الاقوامی قانونی دستاویزات کے تحت آئی اے ای اے پر لازم ہے کہ وہ ایسی دھمکیوں کے خلاف واضح موقف اختیار کرے اور ان کی مذمت کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گروسی کے دورے کے دوران یہ امور بھی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔