ارضِ فلسطین کے بہادر قوم کی تاریخی فتح دراصل ساری دنیا کے حریت پسندوں کی فتح ہے.عارف حسین
شیعہ نیوز:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین نے آئی ایس او پاکستان کے 49 یوم تاسیس کےموقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کارکنان اور سابقین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن جہاں تشکر کا دن ہے، وہیں محاسبہ اور تجدید عہد کا دن ہے، اس دن تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم ماضی کی طرح اپنے سفر کو پہلے سے کہیں زیادہ منظم اور مستحکم انداز میں جاری رکھیں گے، ہم اس پر بارگاہ الہیٰ میں شکر گزار ہیں کہ ہمارا ماضی تابناک اور تابندہ ہے اور اس وقت ہم پورے وجود کے ساتھ میدان میں موجود ہیں اور ایک روشن مستقبل کی امید کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس او پاکستان آج بھی دین و دیانت، نیکی و صداقت اور مسلمانوں کے مابین اخوت و محبت کی پرچم بردار ہے اور یہی آئی ایس او کا بنیادی سرمایہ ہے۔ آئی ایس او نے نہایت لائق فرزند پیدا کئے۔ اس پلیٹ فارم سے تربیت پانے والوں میں سے اہل علم و فضل کی ایک بڑی تعداد آج بھی اس ملک میں امن و سلامتی، خیر خواہی اور اتحاد امت کے جذبوں سے سرشار مصروف عمل دکھائی دیتی ہے۔
عارف حسین کا کہنا تھا کہ یہ دن تجدید عہد کا دن ہے، آئی ایس او تعلیمی شعور بڑھانے پر آج بھی گامزن ہے۔ ان کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ یہ شہادتوں کا سفر کربلا سے تازگی لیتے ہوئے جاری و ساری ہے، اسوہ حسینی پر چلتے ہوئے آئی ایس او کو یہ فخر حاصل ہے کہ وہ شہداء کی وارث ہے، یہ شہداء کے پاک و پاکیزہ خون کی آبیاری کا اثر ہے، آج آئی ایس او ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرچکی ہے اور ہزاروں نوجوان اس کے سایہ عاطفت میں منزل کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے یوم تاسیس کے پیغام میں صیہونی حکومت کے مقابلے میں ملت فلسطین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارضِ فلسطین کی شجاع اور بہادر قوم کی تاریخی فتح دراصل ساری دنیا کے حریت پسندوں کی فتح ہے اور ہم اس پر فخر کرتے ہیں۔ آئی ایس او پاکستان ہمیشہ مظلومین کی حامی ہے اور اپنی استعمار دشمنی کو ترک نہیں کرے گی۔