
مرکز امامیہ سکردو میں سید باقر کی زیر صدارت کوارڈنیشن کمیٹی کا اہم اجلاس
شیعہ نیوز: مرکز امامیہ سکردو میں انجمن امامیہ کے صدر آغا باقر الحسبنی کی صدارت میں تمام پارٹیز پر مشتمل کوآرڈنیشن کمیٹی کے صدر غلام حسین اطہر اور ممبران کا ایک اہم اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں گندم کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے ہونے والے احتجاج اور اب تک کی صورت حال پر غلام حسین اطہر نے رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں تمام ممبران نے بھی اظہار خیال کیا۔ صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا باقر الحسینی نے کہا کہ گندم سبسڈی متنازعہ علاقہ ہونے کے ناطے ہمارا حق ہے اور جب تک یہ حق نہیں دیا جائے گا یہ احتجاج جاری رہے گا بلکہ ان احتجاج کو مزید موثر بنانے کے لیے بہت جلد اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ لہٰذا جی بی کی نگران حکومت اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ گندم کی قیمتوں میں اضافہ کو فوری واپس لیا جائے یا جون تک وفاق میں ایک مستحکم حکومت قائم ہونے تک سابقہ قیمتوں کو برقرار رکھا جائے۔