عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو فوری طور پر رفح میں آپریشن روکنے کا حکم
شیعہ نیوز: عالمی عدالت انصاف ( آئی سی جے) نے اسرائیل کو فوری طور پر رفح میں آپریشن روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت آئی سی جے (International Court Of Justice) نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے جنوبی افریقہ کے مقدمے پر فیصلہ سنا دیا۔
آئی سی جے نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسرائیل فوری طور پر فوجی آپریشن روکے اور عدالت کے حکم کی تکمیل کی رپورٹ ایک مہینے میں پیش کرے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی عدالت کے ممکنہ فیصلے کی حمایت، اسرائیل اور جرمنی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ
آئی سی جے نے فیصلے میں مزید کہا کہ رفح میں اسرائیلی اقدامات سے فلسطینی عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
عالمی عدالت کے فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی زندگی کے لئے درکار تمام تر انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔
آئی سی جے نے اسرائیل سے متعلق فیصلہ 13-2 کی اکثریت سے سنایا ہے، جس میں اسرائیل کو اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو غزہ تک رسائی دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
آئی سی جے کے فیصلے کے مطابق اسرائیلی فوج نے 7 مئی کو رفح میں زمینی آپریشن شروع کیا جس پر 10 مئی کو جنوبی افریقا نے آپریشن رکوانے کی درخواست دائر کی ۔
عالمی عدالت انصاف کے مطابق عدالت نے 28 مارچ کو دیے گئے حکم میں کہا تھا کہ غزہ کی صورت حال انتہائی خراب ہے اور غزہ میں اب تو انسانی صورتحال مزید ابتر ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت، امریکہ کے اشارے پر کہ جو اس غاصب حکومت کے سب سے بڑے حامی و پشت پناہ کی حیثیت سے غزہ جنگ میں تل ابیب کی ہر طرح کی سیاسی ، اقتصادی ، فوجی اور اسلحہ جاتی مدد کر رہا ہے، چند مہینوں سے غزہ کے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے اور روزانہ شدید فضائی ، بری و بحری حملوں کے ساتھ ہی غزہ کے عوام کے لئے کمترین انسانی حقوق کی قائل بھی نہيں ہے اور اسے بری طرح پامال کر رہی ہے۔