عراقی عوام نے شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس سے تجدید عہد کیا
شیعہ نیوز:
ہزاروں عراقی عوام جمعہ کے روز سڑکوں پر نکل آئے اور شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس سے تجدید عہد کرتے ہوئے اپنے ملک کی عدلیہ سے انتخابی نتائج کی صاف اور شفاف طریقے سے پیروی کرنےکا مطالبہ کیا۔
موازین نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی انتخابات کے نتائج کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو منظم کرنے والی کمیٹی نے ایک بیان جاری کیا جس میں استقامت کے ہر دلعزیز کمانڈروں شہید ابو مہدی المہندس ، شہید قاسم سلیمانی اور دوسرے شہداء کے ساتھ تجدید عہد اور انتخابی نتائج کی مخالفت کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن مظاہرین اور دھرنے کے شرکاء جنہوں نے کئی ہفتے اپنے دن اور رات دکھ اور مشقت میں گزاریں، آج ایک بارپھر شہداء کے پاک خون کے ساتھ جنہوں نے حق و حقیت کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تجدید عہد کرتے ہیں۔
دریں اثنا، عراق کی وفاقی عدالت 26 دسمبر کو پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی کے بارے میں اپنا فیصلہ سنانے والی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو 3 جنوری 2020 کو امریکی دہشتگردوں نے بغداد ایئرپورٹ کے قریب ایک بزدلانہ حملہ کر کے شہید کردیا تھا۔ شہید جنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کی دعوت پر اس ملک کے سرکاری دورے پر تھے۔
امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے اعلان کے مطابق اس حملے کا حکم براہ راست ڈونالڈ ٹرمپ نے دیا تھا ۔ عراق کی ایک عدالت نے گزشتہ سال 7 جنوری کو اس قتل کیس کے اصلی مجرم سابق امریکی صدر ٹرمپ کی گرفتاری کا حکم صادر کیا ۔