اہم پاکستانی خبریں
شیر افضل مروت کی گرفتاری پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا
شیعہ نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے شیر افضل مروت کی گرفتاری پر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ہمیشہ اپنے ممبران کے حقوق کی پاسدار رہی ہے اور کسی بھی صورت میں اپنے معزز ممبران کیساتھ غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات برداشت نہ کرے گی۔ شیر افضل خان مروت اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سنئیر ممبر ہیں اور وہ اپنے آئینی حق کو استعمال کرتے ہوئے لاہور میں اپنی سیاسی سرگرمیوں میں شمولیت کیلئے گئے جس پر ان کو پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم اپنے معزز ممبر شیر افضل خان مروت ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کی گرفتاری کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کی ان کو فلفور رہا کیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اس وقت ملک میں جاری غیر اعلانیہ مارشل لاء پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ ملک میں جس طرح لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں وہ بدترین مارشل لاء کے ادوار سے بھی برے ہیں۔
وکلاء کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک میں اسٹبلشمنٹ جس طرح تمام اداروں کو اپنے غیر آئینی شکنجوں میں جکڑے ہوئے ہے وہ عوامی آزادی، جمہوریت اور ملکی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ ادارے اپنے آئینی کام کرنے کے بجائے ملک کے ایوان اقتدار میں بیٹھنا چاہتے ہیں جو کسی بھی صورت پاکستان اور عوام کے مفاد میں نہ ہے۔ ہم پچھلے کچھ عرصہ میں یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ اسٹبلمشنٹ سیاسی انجینئرنگ کیلئے بھی کوشاں ہے جو کہ کسی بھی صورت قابل قبول نہ ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق عوام کو آزادی رائے کے حق سے محروم کرنا آئینی خلاف ورزی ہے اور اگر ادارے اپنے غیر قانونی اقدامات سے باز نہ آئے تو ہم ان کیخلاف آئین شکنی کے مقدمات بھی دائر کریں گے۔ ہم ایک بار پھر ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کے بنیادی حقوق اور آئین کی پاسداری کی جائے اور تمام ادارے اپنے آئینی اختیارات کے تحت کام کریں بصورت دیگر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ان کیخلاف ایک منظم تحریک کا آغاز کرے گی۔