
اسلامی ممالک یک جہتی کے ساتھ علاقے میں دہشت گردی پھیلنے کے روک تھام کریں، صدر پزشکیان
شیعہ نیوز: ایران کے صدر نے عراق کے وزیر اعظم سے ٹیلیفون پر گفتگو میں دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اسلامی ممالک کی یک جہتی پر زور دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اورعراق کے وزير اعظم محمد شیاع السودانی نے اتوار کی شام ٹیلیفون پر علاقے کے حالات اور شمالی شام میں دہشت گرد گروہوں کے حالیہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر پزشکیان نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ کو ایران کی علاقائی اسٹریٹیجی کا حصہ قرار دیا ۔
انھوں نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد علاقے کے حالات امن کی طرف جارہے تھے اوراس حوالے سے نگاہیں غزہ پر مرکوز تھیں کہ شام کے حالات نے علاقائی سلامتی کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ۔
یہ بھی پڑھیں : امیر کویت کی خلیج فارس تعاون کونسل کے بارے میں ایران کے مثبت موقف کی قدردانی
صدر ایران نے علاقے ميں دہشت گردی کے مقابلے اور سلامتی کے تحفظ میں تعاون کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا اور دہشت گردوں کو شکست دینے میں شام کی مدد کے لئے اسلامی ممالک کے اتحاد و یک جہتی پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ شام میں دہشت گردی، اسلامی ممالک میں بدامنی پھیلانے کے لئے صیہہونی حکومت کی سازش کا حصہ ہے جو علاقے میں دہشت گردی کی روک تھام میں امت اسلامیہ کی مشترکہ کوششوں کا متقاضی ہے۔
عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں شام میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں پر گہری تشویش ظاہر کی اوران واقعات کو شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کو نقصان پہنچانے کی صیہونی سازش قرار دیا ۔
انھوں نے کہا کہ ان واقعات نے دہشت گردوں کو لگام دینے کے حوالے سے عالمی برادری اور علاقائی ملکوں کی ذمہ داریاں بڑھا دی ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی کے پھیلاؤ کو نہ روکا گیا توعالمی امن و آشتی خطرے میں پڑ جائے گی۔
عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ شام ميں دہشت گردوں کی سرکوبی اور امن و استحکام کی بحالی کے لئے علاقے کے سبھی ملکوں ایک محاذ پر آجانا چاہئے۔