اسلامی تحریک نے انتخابی رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی
شیعہ نیوز: اسلامی تحریک پاکستان نے دوسری جماعتوں سے انتخابی رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ علامہ شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں علامہ عارف حسین واحدی، زاہد علی اخونزادہ ، سکندرعباس گیلانی اور الطاف کاظمی شامل ہیں۔ کمیٹی دوسری جماعتوں سے مذاکرات کے حوالے سے سفارشات تیار کرے گی اور انتخابی مفاہمت کیلئے بات کرکے رپورٹ علامہ سید ساجد علی نقوی کو پیش کرے گی۔ مرکزی سیاسی سیل کا اجلاس علامہ سید ساجد علی نقوی سربراہ اسلامی تحریک پاکستان کی سرپرستی، سیاسی سیل کے سربراہ علامہ شبیر حسن میثمی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں مرکزی سیاسی سیل کے ممبران نے شرکت کی اور ملک کے قومی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے پر مشاور ت کی گئی۔
ایجنڈے کے مطابق سربراہ سیاسی سیل نے تمام ممبران کو قومی انتخابات، حلقہ بندیوں اور اُمیدواروں کے ناموں پر غور، ورکرز کنونشن سمیت متفرق امور پر تجزیے اور تجاویز پیش کی گئیں۔ سیاسی سیل کے اجلاس میں امیدواروں کی کامیابی کیلئے مختلف حکمت عملی پر غور کیا گیا اور مشاورت کیساتھ بہتر تجاویز کوعملی جامہ پہنانے پر سیاسی میدان میں آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اسلامی تحریک پاکستان سے دیگر جماعتوں کے ہونیوالے رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور جن سیاسی جماعتوں نے اسلامی تحریک پاکستان سے انتخابی حوالے سے رابطہ کیا اس پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں سیاسی رابطہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جو جلد ہی تمام رابطوں پر مشاورت مکمل کرے گی۔