ملت جعفریہ نے حکومتی زائرین پالیسی کو مسترد کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادارہ) شیعہ ملی تنظیموں ،اداروں اور کاروان سالاروں نےحکومت پاکستان کی جانب سے زائرین پالیسی کے موجودہ ڈرافٹ کو مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شیعہ ملی تنظیموں ،اداروں، علماء، ذاکرین، ماتمی انجمنوں اور کاروان سالاروں نےحکومت پاکستان کی جانب سے زائرین پالیسی کے موجودہ ڈرافٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زائرین پالیسی نہیں بلکہ زائرین دشمن پالیسی ہے۔زائرین پالیسی کے ڈرافٹ پر اٹھائے جانےاعتراضات میں سے چند اہم اعتراضات مندرجہ ذیل ہیں۔
جب عمرہ زیارت کے لئے کوئی پالیسی اور ٹیکس نہیں تو ایران، عراق اور شام کی زیارات کیلیے پالیسی اور ٹیکس کیوں ؟
پوری دنیا میں پاکستانی شہری جہاں جیسے جانا چاہے جاسکتا ہے ، صرف ایران، عراق اور شام کےزیارتی مقامات پر پاکستان کا اپنے شہریوں کے لئے گروپ کی صورت میں جانے کاقانون کیوں ؟
پاکستانی شہری دنیا کے 149 ممالک میں جہاں جانا چاہے اسکے لئے ائیرپوٹ پہ شو آف منی کا قانون نہیں ، شو آف منی کا قانون صرف ایران، عراق اورشام کی زیارات پر جانے والے زائرین کے لئے ہی کیوں ؟
پاکستانی شہری جب کسی اور ملک جاتا ہے تو اس ملک کے قانون کے حساب سے ویزا حاصل کرتا ہے لیکن ایران، عراق اور شام کی زیارات کے لئے گورنمنٹ کی اپنے شہریوں کے لئے انفرادی ویزا کے سہولت ختم کیوں ؟؟
ایران، عراق اور شام کی زیارات کیلیے جانے والےعاشقان اہلبیتؑمیں سے ایک بڑی تعداد غریب طبقے سے تعلق رکھتی ہے جو پورا سال پیسے جمع کرکے بائے روڈ زیارت پر جاتی ہے ایسے میں زیارت پر جانے کیلیے 500 ڈالر لازمی ساتھ رکھنے کی شرط غریب زائرین کا راستہ روکنا ہے۔
بیمار اور ذہنی مریضوں کو زیارات پر جانے کی اجازت نہ دینا نا انصافی ہے کیونکہ اہلبیت اطہار ؑ کے روضے شفا کے مراکز ہیں اور ان مزارات مقدسہ پر لاعلاج مریضوں کو شفا ملنے کے معجزے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔
شیعہ ملی تنظیموں اور اداروں کی جانب سے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس ڈرافٹ کومعطل کرے اورزائرین پالیسی کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے وگرنہ اس زائرین دشمن پالیسی کے خلاف ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔