پاکستانی شیعہ خبریں

غزہ کے شہداء نے دور حاضر کے فرعونوں کے چہرے سے نقاب اتار دیا، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ غزہ کے شہداء کے پاکیزہ لہو نے دور حاضر کے فرعونوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اسرائیل شکست کھا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں جنوبی پنجاب کے دورے کے موقع پر مسجد و امام بارگاہ ولی عصرؑ لیاقت پور میں "حمایت مظلومین فلسطین کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب صدر اصغر تقی، تحصیل صدر مولانا عاشق علوی، مولانا سہیل اکبر شیرازی اور دیگر رہنماء ان کے ہمراہ تھے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دین خدا کو انصار اور مددگاروں کی ضرورت ہے۔ انبیاء کرام علیہم السلام اور آئمہ ھدٰی علیہم السلام کو انصار کی تلاش تھی۔ آج فلسطین کا معرکہ حق و باطل کا معرکہ ہے۔ دنیا میں ظالم و مظلوم اور حق و باطل کی نئی صف بندی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں اسرائیل شکست کھا چکا ہے۔ غزہ کے شہداء کے پاکیزہ لہو نے اقوام عالم کو خواب غفلت سے بیدار کرتے ہوئے عصر حاضر کے فرعونوں کے مکروہ چہرے سے نقاب اتار دیا ہے۔ مستکبرین عالم کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ جبر و تشدد کے ذریعے حق و صداقت کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین تحصیل لیاقت پور کے صدر مولانا عاشق علوی نے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے عوام کبھی بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر تحصیل کے صدر علامہ عاشق علوی نے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی کو تحصیل لیاقت پور میں مجلس وحدت مسلمین کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی اور ایم ڈبلیو ایم کے تحصیل لیاقت پور کے پانچ یونٹس کے حوالے سے بتایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button