کربلا کے شہیدوں نے دین اسلام کو زندہ و جاوید کیا، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز:معروف عالم دین اور خطیب و رہنماء مجلس وحدت مسلمین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ کربلاء کے شہیدوں نے دین اسلام کو زندہ و جاوید کیا، آپ جوانان جنت کے سردار اور خاندان نبوت کے چشم و چراغ ہیں، آپ کے بابا حضرت علی علیہ السلام آپ سے افضل ہیں۔ مسجد و امام بارگاہ حیدر کرارؑ اورنگی ٹاؤن میں منعقدہ عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران آپ نے کہا کہ امام حسینؑ جرأت و بہادری اور عزم و حوصلے کا پیکر ہیں، آپ نے یزید کی بعیت نہ کرکے دین اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ و جاوید کیا اور دین میں طرح طرح کی تبدیلی کو روکا جبکہ حکمران یہ بات واضح طور پر کہہ رہے تھے کہ دین اسلام ڈھونگ ہے نہ کوئی رسولؐ آیا اور نہ کوئی وحی لیکن آپ نے ان نظریات کی نفی کی اور رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کو حقیقی اسلام اور اس کے رہنماء اصولوں سے آگاہ کیا، آج دین اسلام اپنی حقیقی حالت میں موجود ہے جس کا سہرا اہلبیت رسولؐ اور کربلا کے شہیدوں کو جاتا ہے۔