شہداء کی یاد اور ان کی راہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے،
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے شہدائے وحدت کراچی کی ساتویں برسی کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہدائے وحدت کی یاد ان کی راہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے، شہید صفدر عباس، شہید عالم ہزارہ، شہید علی شاہ ،شہید علامہ دیدارجلبانی، شہید سرفراز بنگش و دیگر ساتھی شہداء عظیم مکتب کے عظیم مقصد کے شہید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کی بنیاد یں شہداء کے پاکیزہ خون سے سیراب ہوئی ہیں، شہر قائد میں خوف اور ظلم کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے ایم ڈبلیو ایم نے بڑی قربیاں دی ہیں۔
علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ سید الشہداء امام حسین (ع) کے پیروکار ہر دور کے یزیدوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ دیگر سانحات اور واقعات کی طرح شہدائے وحدت کراچی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد بھی آج تک قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ شہدائے وحدت کراچی کی ٹارگٹ کلنک کے کیس کو ری اوپن کیا جائے اور قاتلوں کو گرفتار کرکے فوری تختہ دار پر لٹکایا جائے۔