قابض فورسز کیساتھ سمجھوتا نہیں کرینگے، مقتدی صدر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)عراق کے دوسرے بڑے سیاسی اتحاد "السائرون” کے سربراہ سید مقتدی الصدر نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ عراق کو تناؤ اور لڑائی جھگڑے سے دور رکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے لکھا کہ میں صبر و حوصلے اور پورے عراق میں، جس حد تک اللہ تعالی نے اجازت دے رکھی ہے، امن و امان کی برقراری کی تلقین کرتا ہوں تاہم قابض فورسز کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔ انہوں نے لکھا کہ ہم عراق کے تمام حالات پر نگرانی کر رہے ہیں اور اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد ہمارے عزیز وطن عراق کو قابض فورسز کے چنگل سے رہائی عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ امریکی ایئربیس التاجی پر نامعلوم راکٹ حملوں کے بعد امریکی جنگی طیاروں نے عراق میں 5 مقامات پر حملے کئے تھے جن میں عراقی مزاحمتی فورس "کتائب حزب اللہ” کے فوجی مرکز سمیت، عراقی فوجی و غیر فوجی مراکز بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عراق کے 4 صوبوں میں امریکی جنگی طیاروں کے حملوں میں کربلا کی زیرتعمیر ایئرپورٹ، حشد الشعبی کے فوجی مرکز، عراقی فوج کی ریزرو فورس اور 19ویں بریگیڈ کے فوجی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس سے کئی ایک سویلین عراقی شہری جانبحق و زخمی ہو گئے تھے جبکہ عراقی صدر برہم صالح نے اس حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے عراقی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔