مسئلہ فلسطین کا واحد حل جہاد ہے، سربراہ انصار الله
"شیعہ نیوز: القدس یونائیٹڈ پلیٹ فارم” کے عنوان سے ایک تقریب ہوئی کہ جس کی نشریات بیک وقت "بیروت”، "صنعاء”، "بغداد”، "تہران” اور "دمشق” میں دکھائی جا رہی ہیں۔ اس تقریب سے یمنی انقلاب کے روحانی پیشوا اور "انصار الله” کے سربراہ "سید عبدالملک بدرالدین الحوثی” نے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یمن اپنی تمام تر طاقت کے ساتھ فلسطین کی مظلوم عوام کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ احمر سے لے کر بحر ہند اور مقبوضہ فلسطین کے جنوب تک یمن کے اقدامات کی تاثیر سب پر واضح ہے۔ یمن کا بااثر موقف غزہ، لبنان اور عراق میں جہادی و مقاومتی محاذ کی تکمیل کا باعث بنا۔ انصار الله کے سربراہ نے کہا کہ فلسطینی عوام برطانیہ کے قبضے کے وقت سے ظلم و بربریت کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں امریکہ عملی طور پر شریک ہے۔ لیکن اس کے مقابلے میں امت مسلمہ نے کم حوصلگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فلسطین کاز کو ماند کرنے کے حوالے سے ڈیل آف سینچری اور تعلقات بحالی کے منصوبوں میں ساتھ دینے پر عرب حکمرانوں پر تنقید کی۔