اسلامی تعاون تنظیم کا غزہ پر غیر معمولی اجلاس بلانے کا اعلان
شیعہ نیوز: اسلامی تعاون تنظیم اس ہفتے کے منگل کو غزہ کی پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کے حوالے سے ایک غیر معمولی اجلاس بلائے گی۔
قطری روزنامہ الرایہ نے خبر دی ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم غزہ کی پٹی میں پچھلے پانچ ماہ سے زائد عرصے سے جاری صیہونی حکومت جارحیت اور مظالم کی روک تھام کے حوالے سے رواں ہفتے کو منگل کے روز رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی سطح پر ایک غیر معمولی ہنگامی اجلاس بلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی فوج، دنیا کی سب سے زیادہ نفرت انگیز مسلح فوج ہے، صدر رئيسی
او آئی سی کے اعلان کے مطابق اس اجلاس سے قبل پیر کو رکن ممالک کے مستقل نمائندوں کی سطح پر ایک ابتدائی اجلاس جدہ میں تنظیم کے ہیڈ کوارٹر میں ہوگا جس میں ایجنڈے کے مسودے اور ورک پلان پر بحث کے بعد منظوری دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم فلسطینیوں بالخصوص غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کے حوالے سے گزشتہ ہفتے ہیگ کی عدالت میں رپورٹ پیش کرچکی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم کو دستاویزی شکل دینے کے لیے ایک قانونی ڈھانچہ تشکیل دینے، نیز اس حکومت کی جارحیت پر نظر رکھنے کے لیے ایک خصوصی میڈیا سیل قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔