شہید صدر کی تشییع میں عوام کی بھرپور شرکت دنیا کے لئے ایران کی طاقت کا پیغام تھی، رہبر معظم
شیعہ نیوز: رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای نے شہید صدر رئیسی کے گھر پر حاضری دی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران شہید صدر کو اسلامی انقلاب کے شعار کا مظہر قرار دیتے ہوئے عوام کی جانب سے غیر معمولی اظہار عقیدت کو ایران کے حق میں دنیا کے لئے اہم پیغام جانا۔
رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای نے شہید صدر رئیسی کے گھر پر حاضری دی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران شہید صدر کو اسلامی انقلاب کے شعار کا مظہر قرار دیتے ہوئے عوام کی جانب سے غیر معمولی اظہار عقیدت کو ایران کے حق میں دنیا کے لئے اہم پیغام جانا۔
اس ملاقات میں حجۃ الاسلام والمسلمین علم الہدی، شہید رئیسی کی اہلیہ محترمہ ڈاکٹر جمیلہ علم الہدی، اور بیٹیاں اور قریبی رشتہ دار موجود تھے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے شہید رئیسی کے فقدان کو ملک کے لئے ایک سنگین اور ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی یہودیوں کی جانب سے شہید صدر اور شہید وزیرخارجہ کو خراج عقیدت
آیت اللہ خامنہ ای نے صدر مملکت کے جنازے میں لوگوں کی غیر معمولی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ جو غیر ملکی مہمانوں کی نگاہ میں بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل تھی، اسے اسلامی جمہوریہ کے حق میں دنیا کے لیے ایک اہم پیغام قرار دیا کہ جس سے اسلامی جمہوریہ کی عوامی طاقت کا اظہار ہوا۔ یہ عوامی قوت ایرانی معاشرے اور قوم کی گہری جڑوں میں پیوست ہے۔
رہبر معظم انقلاب نے مزید کہا کہ مرحوم صدر کی مخلصانہ خدمات صرف ان کی زندگی تک محدود نہیں ہیں بلکہ آقائے رئیسی نے اپنی وفات کے بعد بھی ملک کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ملک کے مختلف شہروں میں اس سانحے کے بعد لوگوں کی بے پناہ محبت اور عقیدت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ اجتماعات جو صدر کی سلامتی کے لئے دعا اور گریہ و زاری کے ساتھ ہوئے در اصل اسلامی انقلاب اور اس کے نعروں کے ساتھ عوام کے لگاؤ اور گہری وابستگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے شہید رئیسی کو انقلاب اسلامی کے نعروں کا مظہر بتاتے ہوئے کہا کہ انقلاب کے حقیقی الفاظ صدر کی زبان سے صادر ہوتے تھے اور انہوں نے (اسلامی انقلاب کے) ان نعروں کو اپنا شعار بنالیا تھا۔
اس ملاقات کے اختتام پر رہبر معظم انقلاب نے حجۃ الاسلام المسلمین رئیسی کے لئے اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر کی دعا کی۔