اسرائیل مخالف طلبہ کے احتجاج کا دائرہ آئرلینڈ، پاکستان، عراق سمیت دنیا بھر میں پھیل گیا
شیعہ نیوز: امریکی جامعات و کالجوں میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ دنیا بھر میں پھیلنے لگ گیا۔
عالمی میڈیا نے کہا کہ ہے کہ آئرلینڈ کے ٹرینٹی کالج، بنگلا دیش کی ڈھاکا یونیورسٹی اور عراق کی جامعہ بغداد کے طلبہ بھی غزہ حامی احتجاج کا حصہ بن گئے ہیں۔
کینیڈا میں بھی ٹورنٹو یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی مظاہرین کا کیمپ لگا کر احتجاج جاری ہے اور مشی گن یونیورسٹی میں طلبہ نے گریجویشن تقریب کو بھی فلسطین کے حق میں مظاہرے میں تبدیل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : آج مغرب میں شرافت اور شرارت ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، صدر رئیسی
پاکستان کے مختلف یونیورسٹیوں میں بھی اسرائیلی جارحیت کےخلاف احتجاج جاری ہے۔
ادھر امریکی یونیورسٹیوں میں غزہ میں جاری غاصب اسرائیلی مظالم کے خلاف ہونے والے احتجاج کا سلسلہ برطانیہ کی یونیورسٹیوں تک بھی پہنچ چکا ہے، بینک ہالیڈے ویک اینڈ ہونے کے باوجود لندن کی یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) کے مرکزی دروازے پر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
دوسری جانب امریکہ میں پولیس کی جانب سے طلبہ مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ بھی جاری ہے، ورجینیا یونیورسٹی میں مظاہرین کے کیمپ اکھاڑ دیے گئے جبکہ 25 افراد کو گرفتار کیا گیا اور شکاگو کے آرٹ انسٹیٹیوٹ کے باہر مظاہرے سے بھی درجنوں افراد کو گرفتار گیا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں 17 اپریل سے جاری مظاہروں میں 2 ہزار 5 سو سے زیادہ طلبہ گرفتار کے جا چکے ہیں۔