
خیبر پختونخوا کے حالات اچھے نہیں، وزیراعلیٰ خود دہشتگردوں کو بھتہ دے رہا ہے، گورنر
شیعہ نیوز: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے بگڑتے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خود دہشتگردوں کو بھتہ دے رہا ہے۔ جاب فئیر تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارے دور میں خیبر پختونخوا میں امن تھا، 2012ء کے خیبرپختونخوا اور اب کے خیبر پختونخوا میں بہت فرق ہے، مولانا فضل الرحمان کہتے ہے کہ شام کو ڈی آئی خان میں کوئی گھر سے نہیں نکل سکتا اور ہم بھی کہتے ہیں کہ اب بدامنی بہت بڑھ گئی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو واقعے کے فوری بعد بنوں جانا چاہیے تھا، سوشل میڈیا پر وقوعہ سے متعلق فیک خبریں چلیں، جس سے پریشانی بڑھ گئی تھی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہاں پر پولیس اور پاک فوج کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
فیصل کریم کنڈی نے مطالبہ کیا کہ فوج مخالف نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہے اور جو پاکستان کے آئین اور قانون کو نہیں مانتا اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پہلے بھی مشورہ دیا تھا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے مگر وزیر اعلیٰ کو یہ بات اب سمجھ آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر کو حاصل اختیارات کے حوالے سے مجھے بہت زیادہ علم ہے اور یہ کوئی لے بھی نہیں سکتا ہے۔