قربانی اور حب الوطنی کا جذبہ کسی بھی فوج کا خاصہ ہوتا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قربانی اور حب الوطنی کا جذبہ کسی بھی فوج کا خاصہ ہے، چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیشنل کاونٹر ٹیررازم سینٹر) کھاریاں کے دورے کے دوران کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تیسرے عالمی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلوں کی تقریب میں شرکت کی۔ مقابلوں میں امریکہ، برطانیہ اور روس سمیت سولہ ممالک کی ٹیمیں شریک ہوئیں۔ مقابلوں کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی کور آرمی ٹیم پاکستان آرمی اسپرٹ مقابلوں کی فاتح ٹیم قرار پائی گئی۔ خیال رہے کہ جون 2019 میں برطانیہ میں ہونے والا بین الاقوامی ملٹری ڈرل مقابلہ پاک فوج نے جیت لیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ملٹری ڈرل مقابلے رائل ملٹری اکیڈمی سیند ہرسٹ برطانیہ میں منعقد ہوئے تھے، جس میں پاک فوج کی ٹیم نے بھی حصہ لیا۔ پاک فوج کی ٹیم نے ان مقابلوں میں مستقل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ گزشتہ سال پاکستان نے پہلے دفعہ ان مقابلوں میں شرکت کی تھی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی ٹیم ان مقابلوں میں پاک فوج کی نمائندگی کر رہی تھی۔