دنیا

یوکرین جنگ میں امریکہ اور یورپ براہ راست شامل ہو چکے ہیں: روس

شیعہ نیوز:غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ جس طریقے سے امریکہ اور یورپی ممالک یوکرین کو ٹینک اور جدید قسم کے ہتھیار فراہم کر رہے ہیں وہ جنگ میں امریکہ اور یورپ کی براہ راست اور بڑھتی ہوئی شمولیت کا ثبوت ہے۔

کریملن کے ترجمان نے کہا کہ یورپ اور امریکہ کی طرف سے اس قسم کا اقدام روس کی دشمنی کی نشاندہی کرتا ہے اور ہم واضح طور پر اسے تنازعے میں براہ راست ملوث ہونے کے طور پر دیکھتے ہیں۔

دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے سابق مشیر سرگئی کاراگانوف نے کہا کہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی ان ممالک کے خلاف ممکنہ فوجی جوابی کارروائی کا باعث ہو سکتی ہے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یوکرین کو ٹینک بھیج کر نیٹو ممالک جنگ میں کھلےعام شامل ہو رہے ہیں اور اس کی وجہ سے وہ ممکنہ طورپر ہدف بن سکتے ہیں۔

کاراگانوف نے نیٹو پر یوکرین جنگ شروع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قطعی طور پر ایک روسی یوکرین جنگ نہیں ہے، یہ ایک روسی، مغربی جنگ ہے جس میں یوکرین کو توپ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

کاراگانوف نے جنگ میں روس کی فتح کی پیش گوئی کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بالآخر روس یوکرین کی فوج کو تباہ کر دے گا اور یہ ملک مکمل طور پر فوج سے پاک اور وہاں نئے نازی دور کا خاتمہ ہو جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ روس کے یہ بیانات امریکہ اور جرمنی کی جانب سے یوکرین کو درجنوں بھاری ٹینک فراہم کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں۔یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے بدھ کو یوکرین کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے 400 ملین ڈالر مالیت کے دسیوں جدید ترین ابراہم ٹینک فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے جرمنی کی طرف سے یوکرین کو لیپرڈ ٹو ٹینک فراہم کرنے کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیا تھا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button