
امریکی صدر کا بیان جارحانہ اور احمقانہ ہے، زاہد مہدی
شیعہ نیوز:امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی نے امریکی صدر کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا بیان جارحانہ اور احمقانہ ہے، شر مطلق امریکہ کا وجود ہی انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، ایٹمی اسلامی طاقت پاکستان ہمیشہ استعماری اور استکباری طاقتوں کی آنکھ میں کھٹکتا ہے۔
لاہور میں عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے زاہد مہدی نے کہا کہ عالمی سامراج امریکہ اور اسرائیل مسلم ممالک کو ایٹمی طاقت سے محروم کرنے کی مذموم سازش میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان کے غیور عوام کسی بھی امریکی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستانی عوام بیدار اور امریکی عزائم سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ زاہد مہدی کا کہنا تھا کہ امریکہ خود پوری دنیا میں بدامنی کا ذمہ دار ہے اور امریکہ کا وجود بذات خود عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔