اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

یزیدی کردار اپنانے والے حکمران دور حاضر کے یزید ہیں، سعد رضوی

شیعہ نیوز:  امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ سانحہ کربلا راہ حق میں استقامت دکھانے، ظلم کے مقابلہ میں ڈٹ جانے اور اللہ کے راستے میں ایثار و قربانی پیش کرنے کی لازوال و بے مثال داستان ہے۔ اس کا ہر پہلو اہل ایمان کیلئے باعث فخر اور قابل تقلید ہے۔ امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور حسینؑ کے خادم ان کی سنت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ قربانیاں پیش کرتے رہیں گے، امام حسینؑ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ وقت کے یزیدوں کیخلاف علم جہاد بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ کے دین کی حرمت کی پامالی کو حسینی کبھی برداشت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کا نام لینا آسان ہے، لیکن اسوہ حسینی پر عمل حسینؑ کا خادم اور غلام ہی کر سکتا ہے۔ معرکہ کرب و بلا نظام ظلم و جبر کیخلاف جدوجہد کا پیغام ہے، امام عالی مقامؑ نے اپنی بے مثال قربانیوں سے تاریخ امم میں یہ نقش و ثبت کر دیا کہ ایک بندہ مومن کی زندگی کا مقصد اسلامی نظام کا قیام ہے اور وہ جب بھی اسلامی حکومت و ریاست کو خطرات میں گھرا ہوا پائے، اس کی بنیادیں منہدم ہوتے دیکھے تو وہ اس کے بچاؤ و تحفظ کیلئے جان و خاندان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کرے گا۔

حافظ سعد رضوی کا کہنا تھا کہ یزیدی کردار اپنانے والے حکمران دور حاضر کے یزید ہیں، جو اپنی پست ذہنیت پوری قوم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں، حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد ظالم حکمران کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔ شہدائے کربلا کا سفر، جرأت اور عظیم قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کو حوصلہ اور ولولہ مہیا کرتی رہیں گی۔ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اور اسلامی اقدار کا تحفظ سکھایا ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم اس واقعہ سے درس لے کر موجودہ دور کی مشکلات کا مقابلہ کریں اور یزیدی طاقتیں جو امت مسلمہ کو کچلنے کی سازشیں کر رہی ہیں، ان کے ارادوں کو ناکام و نامراد کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم عاشورہ یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں اسوہ حسینؑ کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button