پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک کے درمیان جلد انتخابی مفاہمت ہو جائیگی، منیر گیلانی
شیعہ نیوز: سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک پاکستان کے درمیان انتخابی اتحاد کیلئے ابتدائی مذاکرات ہو چکے ہیں۔ بہت جلد دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد اور تعاون کے حوالے سے معاملات طے پا جائیں گے۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں ہونیوالے اجلاس میں سابق چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری، سینیٹر شیری رحمان، اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، زاہد علی اخونزادہ اور وہ خود شریک ہوئے۔
لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں منیر گیلانی نے کہا دونوں جماعتیں کا عوامی خدمت اور اعتدال پسندی کی سیاست کا شاندار ماضی ہے، جنہوں نے پاکستانیت، جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے کام کیا ہے۔ ان شاءاللہ دونوں کے درمیان ایک بار پھر سیاسی تعلقات میں اضافہ ہوگا اور قوم بہت جلد ایک اچھی خبر سنے گی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی مفاہمت کے لیے مذاکرت خوشگوار ماحول میں ہوئے ہیں۔ ماضی میں بھی پیپلز ڈیموکریٹک الائنس کے پلیٹ فارم پر میں خود علامہ ساجد نقوی کی قیادت میں سیاسی سیل کا جب انچارج تھا تو اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہا ہوں۔ محترمہ بینظیر بھٹوشہید، علامہ ساجد نقوی، ائر مارشل اصغر خان مرحوم اور قاسم ملک مرحوم کے درمیان بہتر ورکنگ ریلیشن شپ رہی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں گے اورجلد انتخابی مفاہمت طے پا جائے گی۔