پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

یہ وقت اسرائیل اور اسکے حواریوں کو منہ توڑ جواب دینے کا ہے، علامہ ناظر عباس تقوی

شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علامہ سید ناظر عباس تقوی کا فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ مسجد علی کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے جو 75 سالوں سے بے گناہ مظلوم فلسطینی عوام پر مسلسل تواتر کے ساتھ ظلم و تشدد کر رہی ہے، اسرائیل نے فلسطین کی زمین پر قبضہ کرکے فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کیا ہوا ہے، بیت المقدس جو ایک انبیاء اور اولیاء کی سرزمین ہیں اس پر غاضبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، موجودہ صورتحال میں ہزاروں بے گناہ معصوم فلسطینیوں کو شہید کرکے اسرائیل نے یہ ثابت کردیا کہ وہ سب سے بڑا عالمی دہشت گرد ہے لیکن فلسطینی عوام تنہا نہیں پوری امت مسلمہ فلسطینیوں کی پشت پر کھڑی ہے، ہم اسرائیلی و امریکی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ اور او ائی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ رسمی بیانات دینے کے بجائے اسرائیل کو عملی طور پر روکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے جو انسان سوز مظالم فلسطینی عوام پر ڈھائے ہوئے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار اقوام متحدہ اور او ائی سی اس ظلم کو ختم کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں، اسلامی مملکت کے سربراہان کو چاہیئے کہ اب وقت بیانات کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت اسرائیل اور اس کے حواریوں کو منہ توڑ جواب دینے کا ہے، قبلہ اول مسلمانوں کی میراث اور جاگیر ہے، ہم کسی صورت بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، پاکستان کے حکمرانوں کو چاہیئے وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک ٹھوس اور مضبوط اقدام کریں، اس کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کے لیے امداد کا اعلان کریں اور اقوام متحدہ پر زور ڈالیں کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں، امت مسلمہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، وہ وقت دور نہیں کہ جب فلسطینی عوام کو ان کا حق ملے گا اور بیت المقدس آزاد ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button