
اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں
جو لوگ چاہتے ہیں کہ ایران کیساتھ تعلقات خراب ہوں، وہ آج خوش ہیں، عمران خان
شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہیں، مگر دیکھا جائے کہ معاملات یہاں تک کیسے پہنچے؟ کیا ایران سے تعلقات خراب کرنا ہمارے مفاد میں ہے۔؟ افغانستان کے تعاون کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔ اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایران نے جو کیا، اس کی مذمت کرتے ہیں، یہ بھی دیکھنا ہے کہ معاملات یہاں تک کیسے پہنچے، یہ بڑی خطرناک صورتحال ہے، یہ کونسی عقل ہے، کوئی ملک کو اس پوزیشن میں ڈالتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی بطور وزیر خارجہ افغانستان گئے تو انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا، بلاول جب وزیر خارجہ تھے تو ایک مرتبہ بھی افغانستان نہیں گئے، دہشت گردی افغانستان کے تعاون کے بغیر ختم نہیں ہوسکتی، آج افغانستان بارڈر بند کرنے کا سوچ رہا ہے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں بطور وزیراعظم خود بھی ایران گیا تھا اور سپریم لیڈر سے بھی ملا تھا، جو لوگ چاہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ تعلقات خراب ہوں، وہ آج خوش ہیں، کیا ایران کے ساتھ تعلقات خراب کرنا ہمارے مفاد میں ہے؟، بی جے پی کی پاکستان بارے پالیسی بھی اچھی نہیں ہے، بڑھاوا دینے کے بجائے صورتحال کو ڈیفیوز ہونا چاہیئے۔