
ٹرمپ کا خیالی منصوبہ، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا جھوٹا دعویٰ
شیعہ نیوز: امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ جنگ بندی تقریباً 6 گھنٹے بعد، جب دونوں فریق اپنی حتمی کارروائیاں مکمل کر لیں گے، شروع ہوگی۔ یہ 12 گھنٹے جاری رہے گی اور اس کے بعد جنگ کا باضابطہ اختتام عالمی سطح پر جشن کے طور پر منایا جائے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی ابتدا ایران کرے گا اور 12 گھنٹے بعد اسرائیل بھی جنگ بندی پر عمل کرے گا۔ ٹرمپ نے اس موقع پر ایران اور اسرائیل کی "بردباری، بہادری اور حکمت” پر بھی تعریف کی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ جنگ سالوں تک جاری رہ سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کر سکتی تھی، لیکن ایسا نہیں ہوا اور نہ ہی ہوگا۔
بیان کے آخر میں ٹرمپ نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ خدا ایران کی حفاظت کرے، اسرائیل کی حفاظت کرے، مشرق وسطیٰ کو سلامت رکھے، امریکہ پر رحم کرے اور پوری دنیا کو برکت دے۔
دوسری جانب ٹرمپ کے نائب جی ڈی ونس نے بھی دعویٰ کیا کہ "کل ایک نیا دن ہوگا — جنگ کے خاتمے کا دن۔
ایرانی ذرائع نے ٹرمپ کے اس دعوے کو "جھوٹ اور پروپیگنڈا” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی قسم کی جنگ بندی پر کوئی باضابطہ معاہدہ نہیں ہوا۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ "حقیقی امن صرف جارحیت ختم ہونے اور قابضین کی پسپائی سے ممکن ہے۔
ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے امریکی چینل سی این این سے گفتگو میں واضح کیا ہے کہ تہران کو کسی قسم کی جنگ بندی کی پیشکش موصول نہیں ہوئی۔
ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران اس وقت تک جنگ جاری رکھے گا جب تک پائیدار اور حقیقی امن قائم نہ ہو جائے۔ اسرائیل اور امریکہ کے بیانات محض فریب ہیں تاکہ ایران پر جاری حملوں کو جواز فراہم کر سکیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اس وقت دشمن ایران پر حملہ آور ہے اور ایران اپنے جوابی حملے مزید شدت کے ساتھ جاری رکھنے والا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق حقیقی امن صرف دشمن کی جارحیت کے مکمل خاتمے اور ایرانی خودمختاری کے احترام سے ہی ممکن ہے۔