ٹرمپ جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں: نینسی پیلوسی
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ ) امریکی ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پیلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص ملک میں جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کی جانب سے پوسٹل بیلٹ کی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بات در اصل یہ ہے کہ وائٹ ہاوس نے محکمہ پوسٹ کو کبھی دل سے قبول نہیں کیا ہے کیونکہ یہ ایک آزاد ادارہ ہے اور حکومت کی نگرانی میں نہیں آتا۔
ریاست ورمونٹ سے امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے بھی اپنے حالیہ بیان میں ٹرمپ پرپوسٹل بیلٹ سسٹم کو کمزور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس اقدام کے ذریعے آئندہ صدارتی انتخابات میں عوامی مشارکت کا تناسب کم کرنا چاہتے ہیں۔
امریکہ میں ہر شخص کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر وہ پولنگ اسٹیشن نہ جانا چاہے تو اپنا ووٹ ڈاک کے ذریعے بھی ڈال سکتا ہے جسے امریکی قانون میں ایبسنٹ بیلٹ بھی کہا جاتا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو دیکھتے ہوئے توقع یہی کی جارہی ہے کہ دسیوں لاکھ امریکی شہری تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں پولنگ اسٹیشن جانے کے بجائے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دیں گے۔ لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل پوسٹل ووٹنگ کی مخالفت کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے تیس جولائی کو دعوی کیا تھا کہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کا امکان پایا جاتا ہے اور انتخابات کی صحت مشکوک ہوسکتی ہے لہذا وہ اس کے حق میں نہیں ہیں۔ حتی انہوں نے صدارتی انتخابات موخر کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ مذکورہ دونوں معاملات پر ٹرمپ کو اپنی حریف جماعت ڈیمو کریٹ پارٹی کی سخت مخالفت کا سامنا ہے۔
امریکہ میں کرائے جانے والے رائے عامہ کے تازہ جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ صدر ٹرمپ کے ڈیموکریٹ رقیب جو بائیڈن کو ان پر واضح برتری حاصل ہے۔