
برطانیہ: قرآن پاک کو جلانے والا ملعون ہسپتال پہنچ گیا
شیعہ نیوز: برطانیہ میں قرآن پاک کو جلانے کی ناکام کوشش کرنے والے ملعون شخص پر حملہ ہوا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ترک سفارت خانے کے سامنے ایک ملعون اور بدخت شخص احتجاج کے نام پر قرآن پاک کو جلانے کے ناپاک ارادے سے آیا تھا ۔ جس دوران وہ یہ مکروہ حرکت کرنے جا رہا تھا راہگیروں میں سے ایک نے اس پر حملہ کرکے اُسے گرا دیا۔ راہگیر نے زمین پر گرے بدخت شخص کے ہاتھ سے قرآن لے لیا اور اس پر گھونسوں اور لاتوں کی برسات کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بدخت شخص کے ہاتھ میں ایک بڑی کتاب ہے جو قرآن پاک ہے اور اس کا کچھ حصہ جل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ ميں قیدیوں کے تبادلے کے چھٹے دور کا آغاز
ویڈیو میں راہگیر کو ملعون شخص پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جس میں بدخت شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس اہلکاروں نے بدخت کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو بھی حراست میں لے لیا جس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے ملعون اور اس پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ سوئيڈن اور ڈنمارک میں مقدس آسمانی کتاب قرآن مجید کی باربار بے حرمتی کئے جانے پر دنیا بھر میں اس کی مذمت کی گئی اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ عراقی عوام نے سوئیڈن میں مقدس آسمانی کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کئے جانے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے گرین زون میں سوئیڈن کے سفارتخانے کو نذر آتش کردیا تھا۔