مشرق وسطی

یوکرائنی طیارے کا حادثہ، ایرانی افواج کی جانب سے وضاحتی بیان

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی مسلح افواج نے یوکرین کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر ایک بیان جاری کیا ہے۔

ایران کی مسلح افواج نے آج اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر اور فوجی حکام کی جانب سے ایران کے بعض مقامات پر حملے کرنے سے متعلق دی جانے والی دھمکیوں اور علاقے میں فضائی اقدامات بڑھ جانے کے پیش نظر ایران کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے ہائی الرٹ ہو گئی تھیں۔

مسلح افواج کے بیان میں آیا ہے کہ عراق میں دہشت گرد امریکہ کے فوجی اڈوں پر میزائلی حملوں کے بعد اس کے جنگی طیاروں کی نقل و حرکت بڑھ گئی اور ریڈار میں اس کے اہداف کا مشاہدہ کیا گیا جس کی وجہ سے ایئر ڈیفنس فورس کی حساسیت بڑھ گئی۔ اور اس قسم کی بحرانی صورتحال میں یوکرین کے بوئینگ 752 طیارے نے امام خمینی ؒ انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے اُڑان بھری اور وہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے حساس مرکز سے نزدیک ہوا اور دشمن کے طیارے کی شکل اختیار کر گیا جس کے بعد ایک انسانی غلطی سے یوکرین کا مسافر طیارہ نشانہ بنا اور وہ تباہ ہوا۔

مسلح افواج کے بیان میں انسانی غلطی کی وجہ سے طیارے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت و تسلیت کی گئی اور انھیں اطمینان دلایا گیا کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آئندہ اس قسم کا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو اور اس واقعہ میں ملوث شخص کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بدھ 8 جنوری کو یوکرین کا بوئنگ 752 طیارہ تہران کے قریب گر کر تباہ ہو ا تھا، جس میں سوار تمام 176 افراد جاں بحق ہو گئے طیارہ تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ٹیک آف کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button