محرم الحرام سے پہلے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے کراچی کی عوام کا جینا دشوار کردیا ہے، شہر بھر میں گھنٹوں گھنٹوں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام ذہنی مریض بن گئی ہے، کورونا وائرس اس وقت پوری شدت سے عوام کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے تو دوسری جانب کے الیکٹرک کا ادارہ کورونا وائرس میں مبتلا لوگوں کو لوڈشیڈنگ کرکے اذیت پہنچا رہا ہے، ایک طرف حکومت عوام سے بول رہی ہے کہ بلا ضرورت عوام گھرو سے باہر نہیں نکلیں تو دوسری جانب کے الیکٹرک انتظامیہ لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو گھروں سے نکالنے پر مجبور کر رہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے اور عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سوال ہے کہ حکومت کراچی والوں کو مہنگی بجلی سے نجات کیوں نہیں دلاتی، شہری مسائل کے حل کے لئے کوئی ادارہ اپنا کام نہیں کر رہا ہے، بجلی، پانی اور صفائی کے مسائل سے حکومتی ادارے لاتعلق نظر آتے ہیں، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محرم الحرام سے پہلے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور امام بارگاہوں کے اطراف سے گندگی اور غلاظت کے انبار ختم کئے جائیں تاکہ عزادار با آسانی مساجد و امام بارگاہوں میں عزاداری کا فریضہ انجام دے سکیں، اگر محرم الحرام سے پہلے یہ مسائل حل نہیں کئے گئے تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔