
سندھ پولیس میں سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر سیاسی بھرتیوں کا انکشاف
شیعہ نیوز: نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا ہے کہ پولیس میں بہت زیادہ سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں، سیکیورٹی کلیئرنس بھی نہیں لی گئی۔ نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کی پوری کوشش کررہے ہیں، ہم نے کراچی میں کافی حد تک منشیات اور دیگر جرائم کو کنٹرول کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس روزگار نہیں اس لئے وہ ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہو جاتے ہیں، ہم آنے کے بعد پولیس میں تبدیلیاں لائے ہیں، میرٹ پر پوسٹنگ کیں، نظام بہت زیادہ خراب ہو چکا ہے، ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، سیاسی دباؤ نہیں لیں گے۔ حارث نواز کا کہنا تھا کہ اب تک مقابلوں میں 90 کے قریب ڈاکوؤں کو ہلاک کیا، پہلے استغاثہ کمزور ہونے کے باعث ملزمان 10، 15 دنوں میں چھوٹ جاتے تھے، اسٹریٹ کرائمز میں زیادہ سے زیادہ سزا 7 سال ہو سکتی ہے۔