ایران میں 12 پاکستانی مزدوروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 9 جاں بحق 3 زخمی
شیعہ نیوز: ایران میں محنت مزدوری کرنے کیلئے جانے والے 12 پاکستانی مزدوروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 9مزدور جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے مزدوروں کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، لودھراں، علی پور اور احمد پور شرقیہ سے ہے۔ اطلاع ملنے پر گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملتان، لودھراں، علی پور اور احمد پور شرقیہ کے رہائشی آنکھوں میں سہانے مستقبل کے خواب سجائے ایران روزی کیلئے جانیوالے 9 مزدور دہشتگردی کا نشانہ بن گئے ہیں۔ ورکشاپ میں سوئے 12 پاکستانی مزدوروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس سے 9 مزدور جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔
سانحہ میں جاں بحق مزدوروں میں 5 کا تعلق علی پور، 2 کا لودھراں اور 2 کا احمد پور شرقیہ سے بتایا جا رہا جبکہ زخمی ہونے والے 3 مزدور ملتان سے ہیں۔ اس سلسلے میں جاں بحق ہونے والے ایک مزدور کی والدہ کا کہنا ہے تھا کہ خواب آنکھوں میں سجائے ان کا بیٹا دیار غیر گیا تھا، اب لاش گھر آئے گی۔ ایران میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے متعدد مرتبہ ان کو پاکستان واپس آنے کو کہا، لیکن وہ نہ مانے۔ ان کا کہنا ہے حکومت بھائیوں کی نعشیں جلد پاکستان لانے کیلئے اقدامات کرے۔