
امریکی جج نے ٹرمپ کے حکم کو معطل کردیا
شیعہ نیوز: امریکی جج نے ہارورڈ یونیورسٹی کے بارے میں صدر ٹرمپ کا حکم معطل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس متنازع حکم پر عملدرآمد روک دیا ہے جس کے تحت غیر ملکی طلبہ کو ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلے سے روکا جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس کی ضلعی عدالت کی جج الیسن ڈی باروز نے ٹرمپ کے اُس صدارتی حکم پر عارضی طور پر عملدرآمد معطل کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ہارورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلبہ کو آئندہ چھ ماہ کے لیے امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے بے بنیاد الزامات کا مقصد غزہ میں صہیونی مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے، ایران
جج نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اس معاملے پر مکمل غور سے قبل اس حکم پر عملدرآمد جاری رکھنا ان طلبہ کو فوری اور ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کے خدشات کو بنیاد بناتے ہوئے غیر ملکی طلباء کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ معطلی ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لیے ہوگی، تاہم اسے ضرورت پڑنے پر توسیع دی جا سکتی ہے۔
صدارتی حکم میں امریکی محکمہ خارجہ کو یہ ہدایت بھی دی گئی تھی کہ وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طلبہ کے تمام تعلیمی ویزوں کا ازسرِ نو جائزہ لے۔