
امریکہ نے پاکستان کو ایڈ نہیں ایڈز دی ہے، علامہ احمد اقبال
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ سید احمد اقبال احمد رضوی نےملتان میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان سمیت مشرق وسطٰی کا دشمن ہے، پاکستان کی سالمیت مشرق وسطٰی کے ساتھ منسلک ہے، اگر ایران و افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان بھی پرامن ہوگا۔
علامہ احمد اقبال رضوی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا یوں ساتھ بیٹھنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم پاکستان کے لئے متحد ہیں اور اسلام کے لئے بھی متحد ہیں، امریکہ نے عراق میں صدام حسین پر جھوٹا الزام لگا کر وہاں حملہ کیا۔
امریکہ کی وجہ سے آج ہمارے ملک میں تفرقہ بازی ہے،انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو ایڈ (Aid) نہیں ایڈز (Aids)دی ہے۔ جس معاشرے کے اندر انسانیت کو پامال کیا جائے وہ معاشرہ یقینی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچتا ہے، اور وہاں کے لوگوں میں ایک خلاء پیدا ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ اسلام ہے،جنرل قاسم سلیمانی اسلام اور انسانیت کی بات کرتے تھےاس لیئے انہیں شہید کردیا گیا۔ اس اسلام میں شیعہ، سنی سب شامل ہیں، بس ہمیں ایک سنجیدہ ارادے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنی ذات سے نکل کر اکٹھے ہونا چاہیئے اور طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنا چاہیئے۔