ہم اسرائیل کو شکست دینے کیلئے ایک تاریخی موڑ پر ہیں، خالد مشعل
شیعہ نیوز: استنبول میں "طوفان الاحرار” کے نام سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس سے فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس” کے سربراہ "خالد مشعل” نے خطاب کیا۔ خالد مشعل، فلسطین سے باہر حماس کے سربراہ ہیں۔ اس کانفرنس میں خالد مشعل نے کہا کہ غزہ میں مقاومت اس وقت بہترین پوزیشن میں ہے۔ اس سارے علاقے میں استقامتی فرنٹ تازہ دم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کو شکست دینے اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے تاریخی مقام پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اس وقت پسپا ہو رہا ہے۔ دشمن جنگ کے آٹھ ماہ گزرنے کے بعد اپنے حواس کھو رہا ہے۔ اسرائیل، امریکہ کی مکمل حمایت سے جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔
خالد مشعل نے امت اسلامی سے مطالبہ کیا کہ وہ آپریشن طوفان الاقصیٰ کی مانند امریکی و اسرائیلی سفارت خانوں کا محاصرہ کرتے ہوئے صیہونی جرائم کے خلاف احتجاج کریں۔ واضح رہے کہ غزہ پر صیہونی جارحیت آٹھویں مہینے میں داخل ہو رہی ہے۔ صیہونی رژیم ہر گزرتے دن کے ساتھ داخلی اور خارجی مسائل میں گھرتی جا رہی ہے۔ اسرائیل اب تک غزہ میں اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کر سکا۔ صیہونی رژیم نے غزہ کی پٹی میں قتل و غارت گری اور بھیانک انسانی جرائم کی تاریخ رقم کی ہے۔ ہر روز اس علاقے میں ان جرائم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والی اعداد و شمار کے مطابق، 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور تقریباََ 80 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔