
ہم شام میں تشدد اور عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہیں، ایروانی
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران لاذقیہ اور طرطوس میں عوام کے خلاف وسیع پیمانے پر تشدد کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شامی حکام شہریوں کے قتل عام اور ہر قسم کے تشدد کو روکنے، شہریوں کی حفاظت اور انسانی امداد تک بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں : ناصبی تحریک لبیک پاکستان معروف وی لاگر رجب بٹ کے پیچھے ہاتھ دھوکرپڑ گئی! آخر کیوں
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے منگل کے روز شام کے حوالے سے مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ایران لاذقیہ اور طرطوس میں 6 مارچ سے لوگوں کے خلاف ہونے والے وسیع پیمانے پر تشدد کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کا قتل عام ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ عبوری حکام کو چاہیے کہ وہ ہر قسم کے تشدد کے خاتمے، شہریوں کی حفاظت اور انسانی امداد تک بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کریں ۔
ایران کے سفیر نے کہا کہ تمام برادریوں کے حقوق کا احترام اور امن کی ضمانت ہونی چاہیے اور اقلیتوں بالخصوص علوی اور شیعوں کو زبردستی نقل مکانی کرنے کی کسی بھی کوشش کو فوری طور پر روکنا چاہیے۔
ہم سلامتی کونسل کے 14 مارچ کے صدارتی بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، جس میں اس قتل عام کی شدید مذمت کی گئی ہے اور فوری، قابل اعتماد، شفاف، آزاد اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عبوری حکام کو مکمل احتساب کو یقینی بناتے ہوئے ان جرائم کے مرتکب افراد کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔