ہمارے پاس اسرائیل کیلئے ایسے ایسے سرپرائز موجود ہیں جو مومنین کے دلوں کو ٹھنڈا کر دینگے، یمن
شیعہ نیوز: یمنی وزیر دفاع محمد ناصر العطافی نے اعلان کیا ہے کہ نئی صورتحال کی تیاری کے لئے، یمنی فوجی اداروں میں تیزی کے ساتھ آمادگی، تربیت اور فوجی صنعتوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔ آج دوپہر یمنی آفیسرز کالج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہم ایسے فوجی دفاعی گروہ کو تربیت دینے کی کوشش میں ہیں جو (دشمن پر) سیاسی و فوجی مساوات کو مسلط کرنے اور پورے ملک میں جمہوریہ یمن کی خودمختاری کی حفاظت کے قابل ہو، یمنی وزیر دفاع نے تاکید کی کہ ہم غاصب صہیونی دشمن کو اس کی جغرافیائی گہرائی کے اندر دردناک ضربوں کے تسلسل کی تلاش میں ہیں جیسا کہ اب بھی اسرائیلی دشمن، یمن کے خلاف کسی بھی حماقت سے قبل ہزاروں بار سوچتا ہے!
محمد ناصر العاطفی نے کہا کہ ہم خطے میں سیاسی، فوجی و جغرافیائی سیاسی تغیّرات کی بغور نگرانی کر رہے ہیں اور موجودہ وقت کے تمام چیلنجوں کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور جس طرح سے ہم نے مقبوضہ یافا (تل ابیب) اور ام الرشاش (ایلات کی بندرگاہ) کے دروازے کھٹکھٹائے ہیں، اسی طرح ہم غاصب صیہونیوں کے گھونسلے بھی گرا ڈالیں گے! انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم دشمن پر بیلسٹک، ہائپرسونک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ساتھ پیشرفتہ ڈرون طیاروں کے تابڑ توڑ حملوں سے ہرگز نہیں ہچکچاتے کیونکہ ہم ایک کھلی، حساس اور طویل المدتی جنگ میں ہیں اور ہم تصادم کے تمام امکانات پر مکمل غور کر چکے ہیں!
یمنی وزیردفاع نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم مجرم صہیونی دشمن کو ایسے مزید سرپرائز دینے کا وعدہ کرتے ہیں جو مومنین کے دلوں کو ٹھنڈا کر دیں گے! اپنی گفتگو کے آخر میں محمد ناصر العاطفی نے تاکید کی کہ جو لوگ قوم کو مسلسل 10ویں سال بھی محاصرے میں رکھ کر ان سے علی الاعلان دشمنی کر رہے ہیں، انہیں سمجھ لینا چاہیئے کہ اب ہمارے اسٹریٹجک صبر میں کمی آ گئی ہے جو ان کے لئے ایک خطرناک امر ہے۔