اسلامی تحریکیںپاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

اپنے حقوق کی ضمانت لئے بغیر مطمئن نہیں ہونگے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے واضح کیا ہے کہ عوامی حقوق کے حصول پر کوئی سمجھوتہ ہو گا نہ ہی آئینی اور شہری حقوق کے حصول میں کسی قربانی سے دریغ کریں گے، سیاسی و عملی جدوجہد جاری رکھیں گے، 73ء کے دستور میں 40 کے قریب آرٹیکلز عوامی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں جب تک ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کی قدردانی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کر سکتا، پڑوسی ملک میں کسانوں کی تحریک عوامی حقوق کے حصول کیلئے سنگین مشکلات کے باوجود اتحاد کے ساتھ اس تحریک نے ایوان اقتدار کو ہلاکر رکھ دیا، حکومت کو ظالمانہ اقدامات کو واپس لینے پر مجبور کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ وہ قومیں، معاشرے یا ریاستیں موجودہ ترقیاتی یافتہ دور میں آگے بڑھتی ہیں جنہیں آزادانہ ماحول، جمہوری، آئینی و بنیادی حقوق کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو، 73ء کا آئین ایک طویل جدوجہد کے بعد کے متفقہ طور پر سامنے آیا، جس میں 40 کے قریب آرٹیکلز عوامی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں جس میں تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک عرصہ سے متوجہ کرتے آئے ہیں کہ جب تک آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق اور آئین میں فراہم کی گئی شخصی آزادی کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا ترقی یافتہ اور مہذب معاشرے کی تشکیل ناممکن ہے، افسوس آج معاشرے کا ہر طبقہ پریشان اور عدم تحفظ کا شکار ہے، بچوں سے زیادتیوں سمیت راہ چلتے شہریوں کے جان و مال پر آئے روز حملوں کی خبریں تواتر کیساتھ آ رہی ہیں، تو دوسری طرف ہوشربا مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، اس پر مستہزاد یہ کہ شہری آزادیو ں کو مسلسل سلب کرکے ماحول کو مزید گھٹن زدہ بنا یا جا رہا ہے، ایک خاص پالیسی کے تحت ملک بھر میں عوامی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، ایک طرف ”ریاست ماں جیسی“ کا تصور تو دوسری جانب قانونی اور جائز رسومات کی ادائیگیوں پر مقدمے درج کرکے معزز و محترم شہریوں کی تذلیل کی جا رہی ہے، جو سراسر زیادتی، شہری آزادیوں پر حملہ اور تکفیری مائنڈ سیٹ ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں پاکستان کے مشکل وقت میں سعودی عرب کی امداد، اصل کہانی سامنے آگئی

انہوں نے کہا کہ ہم ایک عرصے سے ان زیادتیوں پر عوام کو صبر کی تلقین کرنے کیساتھ ارباب اختیار کو متوجہ کر چکے ہیں، مگر ایک طرف نا انصافی دوسری طرف شہری آزادیوں کو سلب کرنے کاتسلسل ہے، ان حالات میں قوم آمادہ رہے، عوامی حقوق کے حصول کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جا سکتا ہے، اس کیساتھ ہی یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ ہو گا نہ ہی اس سلسلے میں ہم کسی قربانی سے دریغ کرینگے، کیونکہ پُرامن احتجاج بنیادی، آئینی اور شہری حق ہے، ہم اپنے حقوق کی ضمانت لئے بغیر مطمئن نہیں ہونگے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے پڑوسی ملک بھارت میں کسان تحریک کی کامیابی پر اسے عوامی حقوق کی حالیہ تحریکوں میں ایک بڑی مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ مشکلات کے باوجود کسان اپنے موقف پر قائم رہے اور بالآخر ایوان اقتدار ہل کر رہ گئے اور بھارتی حکومت نے اس عوامی غیض و غضب کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے تینوں ظالمانہ قوانین کو واپس لے لئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button