اسلامی تحریک پاکستان کیجانب سے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کے فیصلے کا خیر مقدم
شیعہ نیوز: اسلامی تحریک پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی پر مبنی اس فیصلے سے ملکی نظام کو استحکام حاصل ہوگا۔ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور اس کے نتیجے میں قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے اقدامات کو مسترد کرنے پر مبنی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اس اقدام سے ملک میں عدم استحکام کی سی صورتحال پیدا ہو چکی تھی جس سے ملک کے جمہوری اور معاشی نظام کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے اور ملک ایک سنگین بحرانی کیفیت سے دو چار تھا۔ ایسے میں عوام کی توقعات عدلیہ پر مرکوز تھیں اور اس ضمن میں سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ صادر کر کے عوام کے اعتماد کو بحال کیا۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اس فیصلے سے آئین کی بالادستی کو فروغ حاصل ہوا ہے، انہوں نے اس فیصلے کو ماتحت عدالتوں کے لیے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ بھی کیا ہے کہ ایسے کیس جو آئین کی بالادستی کو قائم رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں لیکن التواء کا شکار ہیں ان کو بھی آئین کی بالادستی کو یقینی بنا کر جلد نمٹایا جائے تاکہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کا عملی قیام ممکن ہو سکے۔ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکمرانوں اور اپوزیشن سے بھی توقع ظاہر کی کہ وہ اپنے ہر فیصلے میں ملکی مفاد کو مدنظر رکھیں گے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جمہوری بالغ النظری کا مظاہرہ کریں گے۔