اہل خیر سیلاب متاثرین کی بروقت مدد کیلئے آگے آئیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے حالیہ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خیر سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی بروقت مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب باران رحمت عذاب بن جاتی ہے۔ گذشتہ تباہ کن سیلاب میں حکومت نے مکمل طور پر عوام کو لاوارث چھوڑ دیا تھا اور بیرونی ممالک سے آنے والی امداد بھی متاثرین تک پہنچانے کی بجائے حکمران طبقے کی کرپشن کی نذر ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی گذر گاہوں اور سیم نالوں کی بھل صفائی کے لئے مختص رقم کرپشن کی نذر ہونے کے سبب بارش کا پانی تباہی مچاتا ہے، جبکہ پانی ذخیرہ کرنے کے لئے بنائے گئے ناقص ڈیم گذشتہ سیلاب میں بہہ کر دگنی تباہی کا باعث بن گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی کے فقدان کے سبب وطن عزیز پاکستان ہر سال بہ یک وقت پانی کی قلت اور بارش کی تباہ کاریوں کا سامنا کرتا ہے۔ جبکہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے چھوٹے چھوٹے ڈیم بنا کر بارش کے پانی کو ذخیرہ کرکے ملک کا وسیع رقبہ قابل کاشت بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی چالیس فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، جن کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ اس لئے غریب لوگ کچے گھروں میں رہتے ہیں۔ کچے گھر اور کچی دیواریں بارش کے موسم میں اپنے مکینوں کے لئے مستقل خطرہ ہوتی ہیں۔ حکومت کی ماضی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان سے حالیہ برسات میں بھی کسی خیر کی امید نہیں، لہٰذا اہل خیر کو آگے بڑھ کر غریب اور پسماندہ طبقات کی مدد کرنی چاہئے۔