محرم سے قبل میٹنگ میں جو طے ہوا اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، بلوچستان شیعہ کانفرنس
شیعہ نیوز: بلوچستان شیعہ کانفرنس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں مجالس عزاء اور عزاداری کے حوالے سے متعلقہ اداروں کے ساتھ محرم سے قبل میٹنگ میں جو طے ہوا تھا، ان پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔ صفائی، لائٹس نہ ہونے اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ شیعہ کانفرنس کے صدر انجینئر حاجی جواد رفیعی نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ سول انتظامیہ اس وقت مکمل طور پر صفائی اور لائٹس کے معاملات میں ناکام ہو چکی ہے اور میٹروپولیٹن اس وقت تک کوئی بھی صفائی کا کام عمل میں نہ لا سکی۔ اسٹریٹ لائٹس مکمل طور پر بند ہیں۔ امام بارگاہوں کے ارد گرد اندھیرا اور صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن، پرنس روڈ، لیاقت بازار، علمدار روڈ پر لائٹس ہے نہ پانی کا انتظام ہے۔
مجالس کے دوران لوڈ شیڈنگ اور رش ہو جانے کی وجہ سے کوئی بھی واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ واپڈا ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہا۔ لوڈ شیڈنگ کی پرانی ٹائمنگ ہے۔ محرم شروع ہونے سے قبل اداروں سے جو میٹنگ ہوئی تھی ان پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔ واسا پانی فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہے۔ سیٹلائٹ ٹاؤن میں جو مجالس کا ٹائم ہے اس وقت پر لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔ ہم انتظامیہ کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر دو دن میں یہ تمام کام مکمل نہیں کئے تو اس کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر ہوگی۔