
یمنی فوج نے سعودی عرب کا ڈرون طیارہ تباہ کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی سرکاری فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے امریکہ اور اسرائیل کے حمایت یافتہ سعودی اتحادی افواج کا جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبہ تعزمیں سعودی اتحادی افواج کا ایک جدید ترین جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
المیسرہ نیوز نے خبر دی ہے کہ یمنی سرکاری فوج نے جنوب مغربی تعز کے علاقے ’’الوازعیہ‘‘ میں اتحادی افواج کے جدید ترین جاسوس ڈرون طیارے کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل یمنی سرکاری فوج نے سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی کو نشانہ بنا کر پوری دنیا کو حیران کردیا تھا۔
یمنی فوج نے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے میں 10 ڈرونز نے 15 تیل کے کنوؤں کو نشانہ بنایا گیا اور ساتھ ہی سعودی عرب کو مزید حملوں کے لئے تیار رہنے کی انتباہ کی گئی ہے۔
اس حوالے سے گذشتہ روز یمنی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر آل سعود نے یمن پر جاری جارحیت کا خاتمہ نہ کیا تو سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو مکمل طور پرتباہ کردیا جائےگا۔ یمنی فوج کے ترجمان نے سعودی عرب کو صاف الفاظ میں کہا ہے کہ ہمارے ہاتھ بندھے نہیں ہیں، ہم مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کےعلاوہ سعودی عرب کی ہر جگہ کو نشانہ بناسکتے ہیں۔