یمن فوج کو روز بروز طاقتور بنائیں گے، سید عبدالملک الحوثی
شیعہ نیوز:یمن میں اسلامی مزاحمتی گروہ انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یمن فوج کو روز بروز مزید طاقتور بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے جمعرات کے روز الحدیدہ میں منعقدہ فوجی پریڈ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ یہ پریڈ ہمارے دشمنوں کیلئے اہم پیغام کی حامل ہے۔ سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ ہماری فوجی پریڈوں کا مقصد اپنے عوام کو تحفظ کی یقین دہانی کروانا ہے۔ انہوں نے کہا: "جو فوجی پریڈیں منعقد ہوئی ہیں، وہ ہماری مسلح افواج کے کچھ حصوں نے انجام دی ہیں، کیونکہ اس وقت ہمارے دسیوں ہزار فوجی محاذ جنگ پر موجود ہیں۔” انصاراللہ کے سربراہ نے کہا: "ہماری مسلح افواج غدار عناصر سے پاک ہونے کے بعد ہزاروں صادق اور باایمان فوجی افسران پر مشتمل ہیں۔”
سید عبدالملک الحوثی نے کہا: "ہماری فوج اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور مختلف میدانوں میں اپنی اعلیٰ صلاحیتیں ظاہر کرچکی ہے۔ ہماری فوج نے بخوبی ملک کا دفاع کیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اپنی جنگی مہارتوں کو بہتر سے بہتر بنا رہی ہے اور نیوی، ایئرفورس، بری افواج، میزائل طاقت اور فوجی سازوسامان کے شعبوں میں ترقی کر رہی ہے۔ انصاراللہ کے سربراہ نے کہا: "ہماری فوجی طاقت ملک کی حفاظت کیلئے ہے۔ ہمارے دشمنوں نے ہماری فوجی طاقت ختم کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔” انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج یمن کے دشمن بہت بڑے بحران کا شکار ہوچکے ہیں کہا: "دشمن ہمیں اپنے اصولی موقف سے ہٹانے میں ناکام رہے ہیں اور ہم امت مسلمہ خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر پوری طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔”