
یمنی ڈرون کا سعودی فوجی ٹھکانے پر کامیاب حملہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)یمن کی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی یمن پر بربریت اور جارحیت کے جواب میں یمنی فوج کے ڈرون طیارے ’’ قاصف کے 2 ‘‘ نے سعودی عرب کے جنوب میں سعودی عرب کے فوجی ٹھکانے پر 2 کامیاب حملے کئے ۔
یمنی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمنی فوج کے ڈرون طیارے ’’ قاصف کے 2 ‘‘ نے سعودی عرب کے حساس فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہےیمنی جوانوں کے ہاتھوں تیار ہونے والے ’’ قاصف کے 2 ‘‘ نامی بمبار ڈرون کو دیکھا جا سکتا ہے جنہیں سعودی دشمن کے خلاف یمنی فورسز استعمال کرتی رہتی ہیں۔
یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ عسیر شہر کے خمیس مشیط علاقہ میں سعودی فوج کے جنگی طیاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گيا۔ یحیی سریع نے کہا کہ یمنی فوج کے جوابی حملوں کا سلسلہ جاری رہےگا۔
قابل ذکر ہے کہ اس وقت سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کی پانچ سال سے جاری جارحیت کے ساتھ ساتھ یمن کو کورونا وائرس کے بڑے خطرے کا بھی سامنا ہے اور سعودی حملوں میں یمن کی بنیادی تنصیبات کے علاوہ اسپتالوں اور طبی مراکز کی تباہی کے سبب یہ خطرہ اور زیادہ سنگین ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ یمن کو مارچ دو ہزار پندرہ یعنی پانچ سال سے زائد کے عرصے سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی مسلط کردہ جنگ محاصرے اور پابندیوں کا سامنا ہے۔ مگر اس کے باجود یمنی جیالوں نے اپنی دفاعی طاقت میں روز افزوں اضافہ کرتے ہوئے اب تک متعدد آپریشنز میں جارح سعودیوں اور ان کے آلۂ کاروں کو خوب دھول چٹائی ہے۔