سلامتی کونسل میں امریکی قرارداد کی منظوری پر یمن کا ردعمل
شیعہ نیوز: یمن کی انصار اللہ تحریک نے سلامتی کونسل کی قرارداد کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ ہی ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق یمن کی انصار اللہ تحریک کے ترجمان "محمد عبدالسلام” نے جمعرات کی صبح بحیرہ احمر میں صیہونی جہازوں پر حملوں کی مذمت میں سلامتی کونسل کی قرارداد کو "سیاسی کھیل” قرار دیا۔ یمنی فوج کے خلاف واشنگٹن کے الزامات کے جواب میں عبدالسلام نے اس بات پر زور دیا کہ یہ امریکہ ہی ہے، جو دنیا بھر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
یمن کی مسلح افواج نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 2.3 ملین فلسطینیوں کو فوری طور پر امریکی اسرائیلی محاصرے سے آزاد کرائے، جو ایک مہلک ہتھیار میں تبدیل ہوچکا ہے اور غزہ کو سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں اجتماعی سزائیں دی جاتی ہیں۔ "المسیرہ” نیٹ ورک کی ویب سائٹ کے مطابق، یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے بھی اس قرارداد کی منظوری کے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکہ نے بحیرہ احمر میں اپنی فوجی نقل و حرکت کے حوالے سے جھوٹ اور فریب کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ قبل ازاین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعرات کی صبح بحیرہ احمر میں صہیونی بحری جہازوں کے خلاف یمنی فوج کی کارروائیوں کی مذمت کے لیے امریکہ کی طرف سے پیش کردہ قرارداد کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔