عزاداری شہادت امام علی ؑ پر سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یوم شہادت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ بھر میں مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے یوم علیؑ کے موقع پر سندھ بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقرعباس زیدی نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ 21 رمضان المبارک یوم شہادت امام علیؑ کے موقع پر مجالس اور عزاداری کے اجتماعات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، دنیا بھر کی طرح ملک خداداد پاکستان میں 19 سے 21 رمضان المبارک مجالس و جلوس عزاء کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ روز شہادت علیؑ کو ملک بھر میں مرکزی اجتماعات جلوس عزاء نکالے جائیں گے، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے یوم علیؑ کے موقع پر سندھ بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں یوم شہادت حضرت علیؑ پر ہونیوالی مجالس اور ماتمی جلوس کی سیکیورٹی کی جائے، علامہ حسن ظفر نقوی
انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین امام علیؑ کو شدت عدل کی وجہ سے شہید کر دیا گیا، امام علیؑ نے عدالت کے قیام کیلئے اپنی جان قربان کی اور اسی طرح کربلا میں بھی عدالت کے قیام کیلئے امام حسینؑ نے بے مثل قربانی دیکر اسلام اور عدالت کو تحفظ فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے حکمران امام علیؑ کے طرز حکومت کو اپنا اسوہ قرار دیں۔ صوبائی صدر نے کہا کہ ہم پاکستان میں عدل و انصاف اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، لیکن یہ اسی صورت قائم ہو سکتی ہے کہ جب حکمران امیرالمومنین امام علیؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوں اور نظام حکومت میں امام علیؑ کے طرز حکمرانی کو سیرت قرار دیں۔